ڈرامہ ریویو : آدھی گواہی میں انٹرٹینمنٹ کا پورا سامان موجود ہے –

تبصرہ : محمد انس حنیف.
پچھلے کچھ عرصے سے پاکستانی ڈرامہ ایک مرتبہ پھر سے درست سمت کی طرف رواں دواں ہے اور اِس درست سمت کے انتخاب میں رائٹرز کا رول بہت اہم اور واضح ہے–
ڈرامہ سیریل “آدھی گواہی” ایم ڈی پروڈکشن کی پیشکش اور فہیم برنی کی ڈائریکشن کی عمدہ مثال ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ صائمہ اکرم چوہدری کی تخلیقی صلاحیتوں کا آئینہ دار ثابت ہوا،مرکزی خیال سے لیکر کہانی کے ہرجزو پر کافی محنت کی گئی، “آدھی گواہی” کا مرکزی تھیم عورت کو ہراساں کئیے جانے کے بارے میں تھا،جسے عورتوں کے ساتھ ساتھ مرد حضرات نے بھی کافی پسند کیا–
عورت کو ہراساں کئیے جانے کے متعلق بہت سے ڈرامہ سیریل منظر عام پہ آ چکے ہیں ، مگر اس سیریل کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں عورت کی طاقت کو سامنے لایا گیا، اس میں اُن چیلنجز کو دکھایا گیا جس کا سامنا ایک عورت کو ظلم کے خلاف آواز اُٹھانے پہ کرنا پڑتا ہے، سلوٰی کا کردار ہر عورت کیلئے سبق ہے، اور پورے ڈرامے میں سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے صائمہ اکرم چوہدری نے عورت کو سر اُٹھا کر جینے کا پیغام دیا ہے،ہمدان مصطفْی جیسے درندہ صفت انسانوں کا مقابلہ کرنا مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں–
 اِس ڈرامے کی کہانی کو خوبصورت انداز میں دکھانے کا سہرا فہیم برنی کے سر جاتا ہے ، جنہوں نے بہت زیادہ محنت کی اور اُن کی محنت نظر بھی آئی ،اس سیریل کی کامیابی پہ فہیم برنی بہت زیادہ مبارکباد کے مستحق ہیں–
سوہائے علی اور اظفر رحمان نے اپنی جاندار اداکاری کی بدولت ڈرامے میں حقیقت کا رنگ بھر دیا، اظفر رحمان بلاشبہ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی سرمایہ ہیں،ان کی اداکاری ،مکالمہ ادا کرنے کا انداز منفرد ہونے کی وجہ سے خاصا دلچسپ ہے اور سوہائے کے ساتھ ان کی کیمسٹری بھی کمال کی ہے اس سے پہلے “تمہاری نتاشا” اور “کیسی یہ پہیلی” میں بھی ان دونوں نے ایک ساتھ کام کیا اور ان کے کام کو کافی پسند بھی کیا گیا، صائمہ اکرم نے “ہمدان” کا جو کردار لکھا،لگتا ہی نہیں اظفر کے علاوہ کوئی ہمدان مصطفی کا کردار نبھا سکتا تھا.
” آدھی گواہی” کی پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ یہ آیا کہ” آدھی گواہی” نے پوری تیس اقساط تک ناظرین کو پوری گواہی سے باندھے رکھا، اسے بہت دلچسپی سے دیکھا گیا کیونکہ لوگ ہمیشہ کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں اور “آدھی گواہی” میں “بہت کچھ نیا” موجود تھا ۔۔۔اور لوگوں نے اسے خوب سراہا ڈائریکشن،کہانی، ادکاری، ڈائیلاگز گویا تمام مسالے یکساں موجود تھے مختصر یہ کے “آدھی” گواہی میں انٹرٹینمنٹ کا “پورا” سامان موجود ہے.